شمال کے سابق بیورو چیف و ڈپٹی ایڈیٹر عبدالوحید ربانی انتقال کر گئے
ہریپور (بیورو رپورٹ)روزنامہ شمال ایبٹ آباد کے ڈپٹی ایڈیٹر اور ہریپور سے سابق بیورو چیف، سابق جنرل سیکرٹری و بانی ممبر پریس کلب ہریپور عبدالوحید ربانی گزشتہ روز انتقال کرگئے۔مرحوم کو سینکڑوں آشکبار آنکھوں کے سامنے آبائی قبرستان درویش میں سپرد خاک کردیا گیا۔مرحوم کی نماز جنازہ شام چار بجے درویش قبرستان میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں سابق ممبر قومی اسمبلی بابر نواز خان، سابق صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن قاضی محمد اسد، روزنامہ شمال ایبٹ آباد کے چیف ایڈیٹر سراج الثقلین جدون، ایڈیٹر محمد حنیف اعوان، نیوز رپورٹر شمال وصدر کھلابٹ یونین آف جرنلسٹس ہریپور قاضی نثار احمد خان تنولی، ہریپور پریس کلب کے صدر ذاکر حسین تنولی، سینئر نائب صدر مشرف ہزاروی، نائب صدر ارشاد زرگر، آفس سیکرٹری محمود الرحمن، ہریپور یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد صداقت خان، سینئر نائب صدر عرفان مبارک، جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال خان، بزرگ صحافی نعیم عابد، ارشد بوبی، طارق زمان سمیت جملہ صحافی برادری، تاجر برادری، ٹرانسپورٹرز سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر مرحوم کی صحافتی خدمات پر انہی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔آخر میں ان کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے صحافی برادری کی جانب سے قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر وجمیل کیلئے دعا بھی کی گئی