ایبٹ آباد کے تاجروں کی طرف سے ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف مہم شروع کر دی گئی

0

ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی) آل ٹریڈرز فیڈریشن کے بڑے نمائندہ تاجر اتحاد گروپ نے بجلی بلوں میں اضافی ٹیکسوں کی وصولی کے خلاف اور فی یونٹ ریٹ میں کمی کے لئے مہم شروع کردی ہے۔حکومت سے مطالبات کی منظوری کے لئے تحصیل کونسلزکے ممبران،وکلاء،تاجروں سمیت ہر طبقہ کے افراد سے مل کر جدوجہد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔اس حوالہ سے سابق صدر آل ٹریڈرز فیڈریشن سردار شاہنواز،چیئرمین تاجر اتحاد گروپ شیخ نثار احمد،سینئر تاجر رہنما وممبر الیکشن کمیشن محمد بنارس عباسی نے مشترکہ گفتگو میں بتایا کہ حکومت کی جانب سے ریاستی ڈکیتی نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا بالخصوص ہزارہ میں بجلی پانی سے پیدا کی جاتی ہے۔ جب صارفین سے فیول ایڈجسمنٹ سمیت تمام ٹیکسز لاگو کرکے وصول کئے جاتے ہیں۔بجلی کی پیداوار کا خرچ 1 روپے 30پیسے ہے اورصارفین سے 65 روپے فی یونٹ وصولی ظلم کی انتہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کے تاجروں سمیت تحصیل کونسلز کے اراکین اور ممبران اسمبلی سے ملاقات کرکے متفقہ رائے قائم کریں گے اور حکومت سے متفقہ مطالبہ تین روپے فی یونٹ پیش کیا جائے گا اور اس کے لئے ہزارہ بھر میں باہمی مشاورت کے عمل کو تیز کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہزارہ میں بجلی پر سوفیصد ریکوری ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں دیا جا رہا ہے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں تین سو یونٹ تک عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ پورا کرنے پر بھی زوردیاہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.