انتظامیہ کی نااہلی، دودھ کے نام پر زہر فروخت کرنے والوں کو کھلی چھوٹ
ایبٹ آباد (سٹاف رپورٹر) حلال فوڈ اتھارٹی، محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے سبب ایبٹ آباد میں مختلف مقامات پر کیمیکل سے تیار مضر صحت دودھ دہی کی فروخت کا سلسلہ نہ رک سکا۔ ایبٹ آباد شہر سمیت دیگر مختلف مقامات باالخصوص جب پل سے اوپر جھنگی سیداں روڈ پر دودھ فروشوں نے انت مچا دی۔کیمیکل سے تیار مضر صحت دودھ سرعام فروخت کیا جا رہا ہے۔ عوامی شکایات پر چھاپوں کے دوران کیمیکل سے تیار دودھ یا تو موقع پر ضائع کر دیا جاتا ہے یا پھر جرمانہ عائد کر کے انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو ایسے ہی چھوڑ دیا جاتا ہے حالانکہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے اور ایسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کیخلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہیے۔ ان کے کاروبار مستقل سیل ہونے چاہئیں اور انہیں عبرتناک سزا بھی دی جانی چاہیے۔ محض جرمانوں پر اکتفا کرنا ایسا گھناؤنا کاروبار کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دینے کے مترادف ہے۔ جب پل داتہ بیکری کے قریب جھنگی سیداں روڈ پر موجود دودھ فروشوں کے بارے میں بھی شکایات آ رہی ہیں کہ زہریلے کیمیکل سے دودھ کے نام پر زہر تیار کر کے فروخت کیا جا رہا ہے۔ بارہا عوامی شکایات کے باوجود بھی عوام پر زہر فروخت کرنے والوں کے کاروبار کو بند نہیں کروایا جا سکا۔ حلال فوڈ اتھارٹی، محکمہ خوراک سمیت ایبٹ آباد میں بیٹھے کئی اسسٹنٹ کمشنرز سمیت ضلعی انتظامیہ کی نااہلی ہے کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سرعام اپنا مکروہ کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئے روز اطلاعات موصول ہوتی ہیں کہ حلال فوڈ اتھارٹی یا پھر دیگرا نتظامی افسران کی طرف سے ملاوٹ شدہ دودھ برآمد کر کے ضائع کردیا گیا یا پھر دودھ فروشو پر جرمانہ عائد کر دیا گیا لیکن ایسی دکانوں کو مستقل سیل نہیں جاتا جس کی وجہ سے ایسے لوگوں کی مزید حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ عوامی حلقوں کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایبٹ آباد شہر سمیت جھنگی سیداں روڈ، منڈیاں، سپلائی و گردو نواح میں کھلے اور خالص دودھ کے نام پر عوام کو زہر فروخت کرنے والوں اور ایسا گھناؤنا کاروبار کرنے والوں کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے اور ان کے کاروبار مستقل طور پر بند کیئے جائیں۔
