صحافی کردار کشی کے بجائے مثبت انداز سے مسائل کی نشاندہی کریں
بالاکوٹ(نیوز رپورٹر)بالاکوٹ میں نوتعینات پہلی خاتون آفیسر ایس پی بالاکوٹ محترمہ ریشم جہانگیر نے کہا ہے کہ صحافت ایک ایسا ہتھیار ہے جسے عالم انسانیت کی فلاح و بہبود اور معاشرے میں عدل و انصاف کے لیے استعمال ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے اور اداروں کے ساتھ کام کرنے والے صحافی معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں، صحافی کردار کشی کے بجائے مثبت انداز سے مسائل کی نشاندہی کریں، مسائل کے حل کی تجاویز دیں اور معاشرے میں امن برداشت اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بالاکوٹ میں بطور ایس پی تعیناتی اور چارج سنبھالنے کے بعد بالاکوٹ کی صحافی برادری کے ساتھ تعارفی اجلاس میں مختصراً خطاب کرتے ہوئے کیا،ان کا کہنا تھا کہ وہ تحصیل بالاکوٹ کے حوالے سے پر امید ہیں اور انہیں بتایاگیا ہے کہ یہ باشعوراورپولیس سمیت سرکاری محکموں،اداروں اورذمہ داران کے ساتھ تعاون کرنے والوں کی سرزمین ہے اوروہ انشاء اللہ اپنے اس ڈویژن میں عوام کی امیدوں اور ان کی توقعات کو پورا کرنے اورمحکمہ پولیس سے وابستہ توقعات پوری کرنے میں اپنا کلیدی کردار اداکرینگی،انہوں نے بالاکوٹ کی صحافی برادری کی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ صحافی کو ہردور میں ایک نمایاں مقام حاصل رہا ہے اس کی وجہ عوام میں یہ تاثر پایاجاتا ہے کہ صحافی عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف آوازبلند کرتا ہے اورعوامی مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردارادا کرتاہے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ایک صحافی کو سچ بولنے کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑتی ہے،اس موقع پر صحافی برادری نے انہیں چیدہ چیدہ درپیش اہم مسائل سے بھی آگاہ کیاجنہیں انہوں نے ترجیحاًحل کرنے کی یقین دھانی کروائی۔