چودہ اگست جشن آزادی کا تقریب پولیس لائن ایبٹ آبادمیں انعقاد
ایبٹ آباد(ہینڈ آؤٹ) 14اگست جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے ہزارہ پولیس کی مرکزی تقریب پولیس لائن ایبٹ آباد میں منعقد کی گئی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ طاہر ایوب خان کی بطور مہمان خصوصی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی پاکستان کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے پولیس لائن شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی انکے علاوہ ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل و دیگر تمام شعبہ جات کے پولیس افسران، میڈیا نمائندگان اور تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پولیس جوانوں نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان اور ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے ڈی پی او آفس ایبٹ آباد پرچم کشائی کی اور قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں پولیس لائن گراؤنڈ میں تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، قومی ترانہ پر پولیس افسران و جوانان اور تقریب کے شرکاء نے سلامی پیش کی۔ پولیس جوانوں نے ملی نغمے، ٹیبلو اور جشن آزادی کے حوالے سے تقریر کرکے آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ایس پی حویلیاں محمد اشتیاق خان نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے جشن آزادی اور پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے خیبرپختونخواہ پولیس کی لازوال قربانیوں کے حوالے سے شرکاء تقریب کو آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے تقریب میں پولیس اہلکاران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیئے۔ تقریب کااختتام تمام شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور خیبرپختونخواہ پولیس پائندہ باد کے نعروں سے کیا گیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان اور ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے پولیس لائن گراؤنڈ میں جشن آزادی کے حوالے سے یادگاری پودے بھی لگائے۔ایبٹ آباد پولیس نے جشن آزادی کو عملی طور پر مناتے ہوئے اپنے شہر کی خوبصورتی کومزید سرسبز اور شاداب بنانے اور گرین پاکستان کے خواب کوشرمندہ تعبیر کرنے کیلئے پولیس افسران و جوانوں میں پانچ ہزار سے زاہد مختلف اقسام کے پودے تقسیم کیئے جو آج ہی کے دن پولیس دفاتر، پولیس تھانہ جات چوکیات و شہر کے دیگر مقامات پر لگائے جائے گے۔