ڈپٹی کمشنر آصف علی خان کا ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام کا دورہ
بٹگرام(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کا ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام کا دورہ، انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام کا دورہ کیا،وہاں انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور مریضوں سے علاج معالجے کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ڈی ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر رحیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کے وہ اپنی کارگردگی کو مزید بہتر بنائے،ہسپتال میں موجود مشینری کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اورعوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ لوگ علاج معالجے کے لیے نجی یا دیگر اضلاع کے ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور نہ ہو۔ہسپتال میں صفائی کیلئے بہترین اقدامات اٹھائیں جائیں،عوامی لیٹرین کی صفائی کاخاص خیال رکھاجائے،مریضوں کے ساتھ آنے والے افراد کیلئے انتظار گاہ کو مزید بہتر بنایاجائے،ادویات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایاجائے خاص طور پر ایمرجنسی کی صورت میں ادویات وغیرہ فوری طور پرمہیا کئے جائیں،لیبارٹری میں بھی صفائی کاخیال رکھا جائے اورخراب ایگزاسٹ کی جلد از جلد مرمت کی جائے تاکہ وینٹیلیشن کا مسئلہ نہ ہو۔اس کے علاوہ ہسپتال عملے کو جو بھی مسائل درپیش ہیں ان کا بھی عملی بنیادوں پر تدارک کیاجائے گا،ہسپتال میں سٹاف یا مشینری کی کمی کے حوالے سے ایم ایس رپورٹ جمع کرے تاکہ اس مسئلے کو صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے۔عوام کے مسائل حل کرناہماری اولین ترجیح ہے ضلع بٹگرام کے دیگر صحت کے مراکز سمیت ہر شعبے کی کارگردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے مزید کہا کہ سٹاف اور ادویات کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیاجائے گا۔