ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ناراں میں ہوٹل سیل کرنے سے روک دیا گیا
مانسہرہ(سپیشل رپورٹر)پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے 25 جولائی 2024 کو ہوٹل ایسوسی ایشن ناران کی طرف سے دائرکردہ بیڈ ٹیکس اورڈبل ٹیکسیشن کے خلاف رٹ پٹیشن منظورکرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا۔جسٹس محمد اعجاز خان نے اپنے آرڈر میں ایکسائز،ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو ناران کے ہوٹل سیل کرنے سے روک دیا۔پٹیشنرز کی طرف سے لغمانی لاء ایسوسی ایٹس کے ڈاکٹر محمد ثاقب لغمانی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ اور ایبٹ آباد سے بیرسٹر ہاشم اقبال خان ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے مقدمہ کی پیروی کی۔پٹیشنرز ہوٹل ایسوسی ایشن ناران کے صدر سیٹھ مطیع اللہ، جنرل سیکرٹری غلام سرور خان، فنانس سیکرٹری محمد اشفاق اوردیگر مالکان نے دونوں نامور وکلاء کا شکریہ ادا کیا اورانہیں بھرپورمبارکباد پیش کی ہے۔عدالت عالیہ ایبٹ آباد بینچ نے ریسپانڈنٹس کو 15 یوم کے اندر کمنٹس جمع کرنے کی ہدایت کی۔آفس کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس پٹیشن کو اگلی سماعت کے لیے فکس کرے۔بالاکوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان قانون دان جنید عالم خان ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے اس رٹ پٹیشن کو ظالمانہ اورناجائز ٹیکسز کے خلاف بارش کا پہلا قطرہ قرار دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ثاقب لغمانی ایڈووکیٹ اوربیرسٹر ہاشم خان ایڈووکیٹ کی اس کوشش سے ناروا ٹیکسز کا خاتمہ ہوگا اورسیاحت کے شعبے کو استحکام ملے گا۔