مسائل کے حل کیلئے شہریوں سے براہ راست ملاقاتوں کا سلسلہ شروع
ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)حکومت خیبرپختونخوا کی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے تحت وزیر اعلیٰ کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، کیپٹن (ریٹائرڈ) ثناء اللہ خان، نے شہریوں سے براہ راست ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔”اوپن ڈور پالیسی“کے تحت شہریوں کے مسائل کو فوری طور پر سننا اور ان کے حل کے لئے ہدایات جاری کرنا اس اقدام کا بنیادی مقصد ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) ثناء اللہ خان نے سرکاری دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھولتے ہوئے نہ صرف شہریوں کے مسائل سنے بلکہ متعلقہ افسران کو بروقت ہدایات بھی جاری کیں تاکہ مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے۔ ان ملاقاتوں میں شہریوں نے اپنے علاقوں کے مسائل بشمول بنیادی سہولیات، سڑکوں کی حالت، صفائی، اور دیگر مسائل کو اجاگر کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کو حل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد عملی اقدامات کریں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ یہ اقدامات شہریوں کی سہولت کے لئے اٹھائے جا رہے ہیں اور حکومت کی یہ پالیسی عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہ راست روابط کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری ادارے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہیں، اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔