کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم کیخلاف یوم سیاہ،ریلیوں کاانعقاد
ایبٹ آباد(ہینڈ آؤٹ)ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد میں 27 اکتوبر کو ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی کشمیری بھائیوں اوربہنوں پر بھارت کی جانب سے کیے جانے والے ظلم و ستم کے خلاف یوم سیاہ منایاگیا۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم اورامور نوجوانان کے اشتراک سے مختلف پروگرامز اورریلی کاانعقادکیاگیاجس میں شہریوں، تاجروں، اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کے دوران ایبٹ آباد کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ نے کشمیری نغمات، تقاریراورمظالم کے خلاف احتجاجی پیغامات کے ذریعے اپنے کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کااظہارکیا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد، زرک یار خان تورونے تقریب میں شرکت کی اورحاضرین سے کشمیر کی تاریخ اور موجودہ حالات پر بات چیت کی۔اس موقع پر انہوں نے کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت اور ان کے لئے جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کاعزم دہرایا۔ریلی کاآغازگورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 3 سے ہوااور پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔شرکاء نے کشمیر کے حق میں نعرے لگائے اور بینرز کے ذریعے بھارت کی جانب سے کیے جانے والے مظالم پر اپنااحتجاج ریکارڈ کروایا۔شرکاء میں ضلعی افسران،محکمہ تعلیم، ٹی ایم اے کے نمائندے، طلبہ، تاجر نمائندے اورعام شہری شامل تھے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو نے اس عزم کااظہار کیاکہ کشمیری عوام کی آواز کودبایا نہیں جاسکتااورایک دن انہیں بھارت کے ظلم سے آزادی ضرورملے گی۔ انہوں نے کہا”کشمیر پاکستان کاحصہ بنے گا،یہ ہماراعزم ہے“۔