ختم نبوتؐ دین اسلام کا بنیادی اور اہم عقیدہ ہے جس پر پورے دین کا انحصار ہے
بالاکوٹ(نیوز رپورٹر)ممتاز عالم دین نوجوان مقرر مفتی شفیع الرحمان نے کہا ہے کہ ختم نبوتؐ دین اسلام کا بنیادی اور اہم عقیدہ ہے،جس پر پورے دین کا انحصار ہے اگر یہ عقیدہ محفوظ ہے تو پورا دین محفوظ ہے اگر یہ عقیدہ محفوظ نہیں تو دین محفوظ نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز تحصیل بار ایسوسی ایشن بالاکوٹ کے دورہ کے موقع پر وکلا برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا،قبل ازیں تحصیل بار ایسوسی ایشن بالاکوٹ کے صدر سید عدیل حسین شاہ نے مفتی شفیع الرحمان کو بارکلب آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنا کر ان کااستقبال کیا،وکلا برادری سے خطاب کرتے ہوئے مفتی شفیع الرحمان کا کہنا تھا کہ آپؐ کے بعد کوئی نبی معبوث نہیں ہوگا، قادیانیت کسی مذ ہب اور عقیدہ کانام نہیں بلکہ عقیدہ ختم نبوت کیخلاف ایک متوازی گروہ ہے،عقیدہ ختم نبوتؐ امت مسلمہ کا وہ اجتماعی عقیدہ ہے جس پر کسی کا اختلاف نہیں۔ باطل امت مسلمہ کو عقلی، لغوی اور لفظی بحثوں میں الجھا کر عقیدہ ختم نبوت سے دور ہٹانا چاہتا ہے، تقریب کے آخر میں صدر بار ایسوسی ایشن بالاکوٹ سید عدیل حسین شاہ ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری عزیر خان ایڈووکیٹ نے مفتی شفیع الرحمان کو خوبصورت سوینئر پیش کیا۔