ڈی سی ایبٹ آباد سے بائنڈایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
ایبٹ آباد(ہینڈ آؤٹ)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال نے بلائنڈ ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے خصوصی ملاقات کی جس میں نابینا افراد کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔وفد نے نابینا افراد کے روزمرہ زندگی میں درپیش مشکلات، خصوصاًروزگار کے مواقع کی کمی، تعلیمی سہولیات کی عدم فراہمی، اور خصوصی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے مناسب انفراسٹرکچر کی عدم دستیابی جیسے مسائل کو اجاگر کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد اقبال نے وفد کے مطالبات کو غور سے سنا اور فوری اقدامات کا یقین دلایا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ نابینا افراد کے حقوق کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے ان کی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نابینا افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر پالیسیوں کو نافذ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ نابینا افراد کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے، معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے، اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے خصوصی انفراسٹرکچر کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے نابینا افراد کے لیے خصوصی تربیتی پروگرامز اور بحالی مراکز کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ وہ معاشرتی اور اقتصادی طور پر خود مختار بن سکیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نابینا افراد کو معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ نابینا افراد کی مشکلات کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔