ہم اپنی بچیوں کا مستقبل کامیاب دیکھناچاہتے ہیں، میلہ سحر

0

ایبٹ آباد(ہینڈ آؤٹ)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد فنانس و ڈویلپمنٹ ملیہ سحر نے بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اگر ہم اپنی بچیوں کو مستقبل میں کامیاب اورخودمختار دیکھناچاہتے ہیں تو انہیں ان کے بنیادی حقوق سے آگاہ کرناضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو بے شمار نعمتوں سے نوازاہے،جن میں تعلیم سب سے اہم ہے۔ آپ نے تعلیم حاصل کر کے اپنی زندگی کامقصد متعین کرنا ہے اوردوسروں کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ملیہ سحر نے والدین اور اساتذہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تربیت اورکردار سازی میں ان کاکردار اہم ہے۔ انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ ایبٹ آباد اورمحکمہ تعلیم کی خدمات کو بھی سراہا جو بچوں کی تربیت میں اپنا کلیدی کرداراداکر رہے ہیں۔انہوں نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ انٹرنیٹ اور مصنوعی ذہانت (AI) جیسے جدید وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مختلف ہنر سیکھیں اور ان کامثبت استعمال کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کوکامیاب شخصیات کی زندگیوں کے بارے میں آگاہ کرنا چاہیے تاکہ وہ ان سے سیکھ سکیں۔ آج کی خواتین مردوں کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں اور یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ملیہ سحر نے کہا کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اسلام ہماری رہنمائی کے لیے مشعل راہ ہے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر محمد علی، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ساحرہ مشتاق، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) عائشہ سعید، سائیکالوجسٹ مس فرزانہ جدون،شاہد شہاب سوشل کیس ورکر، ثمرہ ایوب سائیکا لو جسٹ اور سرکاری سکولوں کے اساتذہ و طالبات سمیت دیگر معززین بھی شریک تھے۔ اس موقع پر پوسٹر اور تقریری مقابلے منعقد ہوئے جن میں بچیوں نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر محمد علی نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا بنیادی مقصد بچوں کو استحصال، تشدد، اور ناانصافی سے محفوظ رکھنا ہے۔چائلڈ پروٹیکشن یونٹ فوری طور پر ایسے بچوں کی مدد کرتا ہے جو کسی قسم کے تشدد یا خطرناک حالات کا شکار ہوں، اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرتا ہے۔ یہ یونٹ بچوں اور والدین کو حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرتا ہے اورتعلیمی و بحالی پروگرامز کے ذریعے بچوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دیتا ہے۔قانونی معاونت اور نفسیاتی مشاورت کی خدمات بھی فراہم کی جاتی ہیں تاکہ بچوں کو انصاف اور بہترمستقبل دیاجاسکے۔سائیکالوجسٹ مس فرزانہ جدون نے کہا کہ بچیوں کاعا لمی دن ہر سال 11 اکتوبر کومنایاجاتاہے تاکہ بچیوں کو درپیش مسائل جیسے تعلیم، صحت، جنسی تشدد، اورچائلڈ میرج جیسے مسائل پر توجہ دی جاسکے۔ اقوام متحدہ نے 2011 میں اس دن کو منانے کا آغازکیا،جس کا مقصد بچیوں کو مساوی حقوق اوربہتر زندگی فراہم کرنا ہے۔ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ساحرہ مشتاق اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عائشہ سعید نے بھی بچیوں کی تعلیم کی اہمیت اور ان کے حقوق و ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔خیبر پختونخوا میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن اس دن کے موقع پر بچیوں کے تحفظ اورفلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات کرتا ہے،تاکہ وہ ایک محفوظ اورخوشحال ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.