ڈی سی کوہستان لوئرکی زیرصدارت کھلی کچہری کا انعقاد

0

ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر طارق محمود کی زیر صدارت گورنمنٹ ہائی سکول پٹن کے کانفرنس ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، واپڈا کے نمائندے، علاقہ معززین، علمائے کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں لوگوں نے اپنے مختلف مسائل، جیسے بجلی، پانی، تعلیم، صحت، اور سڑکوں کی حالت کے حوالے سے شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر نے کچھ مسائل کو فوری طور پر موقع پر حل کیا، جبکہ باقی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو تاکید کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر شکایات کی پیشرفت کی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں۔ مزید برآں، انہوں نے اعلان کیا کہ کھلی کچہری میں کی جانے والی شکایات کے حوالے سے ایک فالو اپ میٹنگ منعقد کی جائے گی، جس میں تمام محکموں سے ان کی کارکردگی اور مسائل کے حل کی پیشرفت پر بات کی جائے گی۔شرکاء نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ عوامی مسائل کو فوری اور مؤثر طریقے سے حل کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.