پٹواریوں کی ہڑتال کے باعث عوام کو مشکلات، وفد کمشنر کے پاس پہنچ گیا
ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی)پٹواریوں کی مطالبات کے ہڑتال ایک ماہ سے جاری،عوام کی مشکلات پر ہزارہ قومی محاز کاوفد کمشنر ہزارہ کے پاس پہنچ گیا۔کمشنر نے جلد عوام کی مشکل دور کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اس حوالہ سے فوکل پرسن ہزارہ قومی محاز عابد خان جدون کی سربراہی میں سابق مرکزی صدرجاوید خان،سابق سیکرٹری جنرل ذوالقرنین خان جدون،سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات بابو محمد بشیر،سابق امیدوار قومی اسمبلی وریجنل صدر ہزارہ ضیا خان جدون نے وفد کی صورت میں کمشنرہزارہ سے ملاقات کی۔فوکل پرسن عابد خان جدون نے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ سید ظہیر السلام کو بتایا کہ پٹواریوں کی ہڑتال سے سائلین،زمینداروں اور طلبہ کو مشکلات کاسامنا ہے۔انہوں نے کمشنر کو مزید بتایا کہ عوام کے وفود درپیش مشکل پر ہزارہ قومی محاز کی قیادت سے مل کر مسائل کی نشاہدہی کر رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زوردیا ہے کہ اگر کوئی غلط ہے تو اس کو قانون کے مطابق سزا دی جائے،بصورت دیگر ڈویژنل انتظامیہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ہڑتال کو ختم کرانے میں کردار اداکرے۔اس عمل میں ہزارہ قومی محاز بھی کردار ادا کرنے کوتیارہے۔اس موقع پرکمشنر ہزارہ نے عوام کی نمائندگی کرنے پر ہزارہ قومی محاز کی جدوجہد کوسراہاہے اوراس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ہڑتال کو ختم کرانے میں عملی کوشش کرینگے۔سابق مرکزی سیکرٹری جنرل ذوالقرنین خان جدون نے ڈومیسائل کے لئے ویلج سیکرٹریز کواختیار دینے پر تشویش کااظہارکیاہے کہ ویلج کی سطح پر جائیداد واراضی کا ریکارڈ کاتعین کرنا کیسے ممکن ہے۔اس سے مستقبل میں غلط اثرات مرتب ہوں گے۔