جبوڑی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دسویں سال میں بھی تکمیل کو نہ پہنچ سکا
سرن ویلی(بیورو چیف)جبوڑی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دسویں سال بھی مکمل نہ ہوسکا۔سال 2014 میں شروع ہونیوالا ڈھائی سالہ منصوبہ ابھی تک فنکشنل ہونے کے مراحل سے کوسوں دور ہے۔سابق وزیر اعلی kpk محمود خان دوسال پہلے منصوبے کے فنکشنل ہونے کارسمی افتتاح بھی کرچکے ہیں۔گیارہ سو میگاواٹ بجلی کاپیداواری منصوبہ ابھی تک تکمیل کے مراحل سے خاصی دوری پر ہے۔منصوبے کے مسلسل التوا پر علاقہ بھر کے مکینوں میں صوبائی حکومت کے خلاف غم وغصے کی شدید لہر پائی جاتی ہے اوراہلیان علاقہ کیطرف سے ادھورے منصوبے کو فوری طور پر مکمل کرنے کامطالبہ دن بہ دن زور پکڑتا جارہا ہے۔صوبائی محکمے پیڈو کے تعاون سے تعمیر ہونے والے تین ارب روپے کے اس منصوبے کاٹھیکہ غلام رسول اینڈ کمپنی نے حاصل کیاتھااوراس کی تعمیر وتکمیل کی مدت ڈھائی سال تھی لیکن دس سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ابھی تک منصوبہ تشنہ تکمیل ہے۔توقع کی جارہی تھی کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اورتعمیر وترقی کی نئی راہیں کھلیں گی لیکن منصوبے کے التواء نے علاقہ کے مکینوں کی امیدوں کے سارے چراغ گل کردیئے ہیں۔