جبوڑی کے سپوت حامد سواتی کابڑا اعزاز،ملک کانام روشن کرلیا
سرن ویلی(بیورو چیف)جبوڑی کے سپوت حامد سواتی کا بڑا اعزاز۔برٹش باکسنگ ٹائٹل جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے 22 سالہ حامد سواتی کو ضلع مانسہرہ کے عوام نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کااظہارکیاہے۔گولڈ میڈل جیت کرٹائٹل کااعزاز اپنے نام کرنے والے حامد سواتی کاتعلق سرن ویلی کے گاؤں جبوڑی سے ہے۔ٹائٹل کااعزاز حاصل کرنے کے پیچھے ان کی انتھک محنت شامل ہے۔اس سلسلے میں ضلع مانسہرہ اوربالخصوص سرن ویلی کے مکینوں نے جہاں ایک طرف حامد سواتی کو مبارکباد پیش کی ہے وہاں دوسری طرف صوبائی اورمرکزی حکومت کے عدم تعاون کو بھی شدید تنقیدکانشانہ بنایاگیاہے جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن مانسہرہ اورعلاقہ کی معروف کاروباری شخصیت حنیف گوہر خان کی طرف سے ٹیلنٹ کی بھرپور حوصلہ افزائی پران کاشکریہ اداکیاگیاہے۔مرکزی اورصوبائی حکومت کی طرف سے مسلسل نظرانداز کیے جانے اورعدم توجہی کی پالیسی پر شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ضلع بھر کے عوام نے مطالبہ پیش کیاہیکہ گولڈ میڈلسٹ حامد خان کی وطن واپسی پران کی حوصلہ افزائی کو یقینی بنایاجائے۔یاد رہے کہ برطانیہ میں منعقد ہونے والے برٹش ٹائٹل میں شرکت کیلئے ائیر لائن کے ٹکٹ کاانتظام الخدمت فاؤنڈیشن نے کیاتھاجبکہ ٹائٹل میں شرکت کی فیس جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں تیرہ لاکھ روپے بنتی ہے حنیف گوہر خان نے اپنی جیب سے ادا کی تھی۔اسی طرح دیگر اخراجات میں بھی حنیف گوہر خان نے بڑھ چڑھ کر نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی ہے۔