ہمیں بحیثیت قوم ایمانداری اورخلوص نیت سے کام کرناہوگا
ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی ایبٹ آباد خالد اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم اپنے بچوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایمانداری اور خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔یہ بچے ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی حفاظت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بچوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوامی آگاہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے تاکہ بچوں کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے میدان کھولنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی توانائیاں صحت مند سرگرمیوں میں صرف کر سکیں۔ اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ایبٹ آباد محمد علی نے لاوارث بچوں کے مسائل اوران کی نگہداشت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ، بچوں کے خلاف جنسی حراسمنٹ، چائلڈ پورنوگرافی،ذہنی اور جسمانی تشدد جیسے مسائل پر بھی گفتگوکی گئی۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ لاوارث بچوں کی دیکھ بھال کے لیے جلد از جلد ایک منظم لائحہ عمل تیار کریں اور نومولود بچوں کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی مراکز قائم کیے جائیں۔اس موقع پرچائلڈ پرٹیکشن آفیسر ایبٹ آباد محمد علی، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد اقبال، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا عبدالواجد،ایلز بیتھ جیمزممبر ہومزآف ہوپ،بلال حسین لیکچررڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی،ڈی ایس پی محمد نذیر سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر خالد اقبال نے مزید کہا کہ بچوں کے تحفظ اور حقوق کے حوالے سے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کرنا ہوگا۔انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی اورضلعی چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بچوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔