ٹریفک انسپکٹر مانسہرہ کی نااہلی، عوام کو ٹریفک کے بدترین مسائل کا سامنا
مانسہرہ (نامہ نگار)ٹریفک پولیس مانسہرہ کے انسپکٹرکی نااہلی کی وجہ سے مانسہرہ میں ٹریفک قوانین کی سرعام دھجیاں بکھیری جانے لگیں اثر و رسوخ والی گاڑیوں کو ٹریفک پولیس کی جانب سے پروٹوکول دیا جانے لگا جبکہ عام لوگوں اور غریب ٹیکسی ڈرائیوروں پر بھاری چالان کر کے کسر نکالی جانے لگی۔ گزشتہ روز اس حوالے سے غریب ٹیکسی ڈرائیورز اور بائیکیا ڈرائیورز کی طرف سے احتجاج بھی کیا گیا۔ مانسہرہ میں اکثریتی گاڑیوں کے شیشے سیاہ ہیں اور سرعام سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں جبکہ غیرقانونی منی اڈوں کی بھی بھرمار ہو چکی ہیں۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی موجودگی کے باعث منی اڈوں کا قیام اور قوانین کی خلاف ورزیاں سمجھ سے بالاتر ہو چکی ہیں۔ ٹریفک انسپکٹر کی نااہلی کی وجہ سے من پسند گاڑیوں کو خلاف ورزی کی کھلی اجازت جبکہ عام ڈرائیوروں اور گاڑیوں کیلئے مانسہرہ کی سڑکوں کو نو گو ایریا میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ جبکہ مانسہرہ شہر کی تمام سڑکیں ہر وقت جام رہنا بھی معمول بن چکی ہیں۔ ٹریفک انسپکٹر کی نااہلی کی وجہ سے مانسہرہ میں دن بدن ٹریفک مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ٹرانسپورٹروں سمیت تاجران اور عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک انسپکٹر مانسہرہ کو فوری طور پر تبدیل کر کے اس کی جگہ کسی اہل آفیسر کو بطور ٹریفک انسپکٹر تعینات کیا جائے تاکہ مانسہرہ کے عوام کو درپیش ٹریفک کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔