پولیس اہلکاروں کو درپیش جملہ مسائل کے حل کیلئے ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے
ایبٹ آباد(ہینڈ آؤٹ)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزار ہ ریجن طاہر ایوب خان کی زیر صدارت ہزارہ پولیس کے ایک دربار کا انعقاد پولیس ہیڈکوارٹر ز ایبٹ آباد میں کیا گیا۔ جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد عمر طفیل کے علاوہ کثیر تعداد میں ہزارہ ریجن کے پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔اس موقع پرمختلف رینک کے پولیس افسران و جوانوں نے اپنے پیشہ ورانہ مسائل ڈی آئی جی ہزارہ کے سامنے پیش کیے جن کے فوری حل کیلئے ڈی آئی جی ہزارہ نے احکامات جاری کیے اور متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کے ان کے مسائل کو جلد حل کر کے رپورٹ پیش کریں۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے اس موقع پر پولیس افسران و جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران کو سہولیات کی فراہمی اور انکی پیشہ ورانہ مسائل کے حل کیلئے پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ آپ کے مسائل کو آپ کی زبانی سنا جائے اور انکے حل کیلئے ممکنہ اقدامات اٹھائے جا سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ملازمین کیلئے میرے آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اردلی روم کا انعقادبھی ہر ہفتہ میں کیا جاتا ہے آپ اپنے مسائل اور تجاویز کیلئے حاضر ہو سکتے ہیں۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے پولیس افسران و جوانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا رویہ عام عوام کے ساتھ اچھا ہونا انتہائی ضروری ہے، لوگوں کے ساتھ نرم دلی اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں خاص کر کے ٹریفک وارڈن پولیس اہلکاران کو چاہیے کہ چھوٹی غلطیوں کو معاف کرتے ہوئے جرمانوں کے بجائے وارننگ دے کر لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس کو پورے ملک میں ایک مقام حاصل ہے اور ہم اپنے کردار اور اخلاقیات کی وجہ دے ایک پہچان رکھتے ہیں اس لئے ہمیں اپنے کردار اور اخلاق سے لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہے اور جتنا ہو سکے عام عوام کی خدمت کرنی ہے۔ سوشل میڈیا پر پابندی اور اسکے استعمال کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے استعمال کو ختم کریں، باوردی ویڈیوز یا تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا یہ چیزیں فورس کے ساتھ زیب نہیں دیتی۔ صوبائی، ریجنل اور ضلعی سطح پر سوشل میڈیا کے آفیشل اکانٹس موجود ہیں جن کے زریعے پولیس کے اچھے کام اور اچھی کارکردگی کے متعلق تشہیر کیا جا تا ہے۔ اسلئے آپ سے بار بار کہا جاتا ہے کہ اس طرح کے فضول حرکات سے اجتناب کریں،سوشل میڈیا کے غیر قانونی استعمال کے متعلق ایس او پیز جاری کی گئیں ہیں ان پر عملدرآمد کریں، اس کیلئے باقاعدہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ ٹیمیں کا م کر رہی ہیں جو کہ آپ کی سوشل میڈیااکانٹ کی جانچ پرتال کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب اہلکاران کے خلاف محکمانہ کاروائی میں معاونت کرتی ہیں۔ اپنے تمام تر صلاحیتوں کو اپنے محکمہ کے وقار اور عام عوام کی خدمت کیلئے سرف کریں نہ کہ اپنے نقصان یا رسوائی کیلئے۔