گرینڈ جرگہ،ڈی ایچ یو بٹگرام کی ضلع بدری کیلئے ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دیدی گئی

0

بٹگرام (نامہ نگار) تحصیل آلائی جملہ اقوام آلائی کا بنہ ریسٹ ہاؤس میں گرینڈ جرگہ،صوبائی اور ضلع انتظامیہ کو ایک ہفتہ کا ڈیڈ لائن،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بٹگرام کو فوری ضلع بدر کرنے کا مطالبہ،متنازعہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بٹگرام کو ٹرانسفر نہ کرنے کی صورت میں بنہ چوک میں غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنے کا اعلان۔تفصیلات کے مطابق تحصیل آلائی کے اقوام نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بٹگرام ذاکر حسین کی غیر اخلاقی سرگرمیوں کا نوٹس لیکر تحصیل بنی میں تمام اقوام کے مشران اور سیاسی قیادت پر مشتمل گرینڈ جرگہ بنہ ریسٹ ہاس میں منعقد ہوا،جرگہ میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی شاہ حسین خان آلائی،تحصیل چیئرمین مفتی غلام اللہ،سابق امیدوار صوبائی اسمبلی اور بانی چیئرمین تحریک انقلاب نعیم شاہین،اے این پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری ارشد خان،تاجر برادری کے صدر قریش خان،شاہ عبد القادر،حبیب الرحمن،فدا الرحمن اور دیگر مشران نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بٹگرام ذاکر حسین کی غیر اخلاقی سرگرمیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی اور انہوں نے کہاکہ تحصیل آلائی کی سرزمین پر پشتون اور غیرت مند قومیں آباد ہیں یہاں ہر کسی کو آلائی اقوام کی عزت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔انہوں نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں صوبائی حکومت اور منتخب ممبران اسمبلی انجینئر زبیر خان،پرنس محمد نواز خان اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام کو ایک ہفتہ کا ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بٹگرام سیکورٹی رسک بن چکا ہے اب ان کا تبادلہ انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بٹگرام کو تبدیل نہ کیا گیا تو اقوام آلائی بنہ چوک میں غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دینگے اور اس کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہو گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.