عوام کے ساتھ بدتمیزی، غیر اخلاقی رویے پر زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعلان
ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال کی زیر صدارت وزیراعلی خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا اصلاح یا سزا کے حوالے سے ضلع ایبٹ آباد کے تمام محکمہ جات کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ ہائے تعلیم، صحت،مواصلات، پولیس پیسکو، جنگلات، اطلاعات،اوقاف، ٹی ایم اوز اور ضلع میں کام کرنے والے دیگر تمام سرکاری محکموں کے سربراہان شریک تھے۔اجلاس میں صوبائی حکومت کے ایجنڈے کے تحت ضلعی محکموں کے سربراہان کو ان کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں -ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے کہاہے کہ حکومت خیبر پختونخوا عوامی مینڈیٹ پر منتخب ہو ئی ہے اس لیے وزیراعلی خیبر پختونخوا کی سخت ہدایات ہیں کہ اس دورحکومت میں عوام کی فلاح کے لیے زیادہ سے زیادہ کام سر انجام دیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے کہا ہے کہ تمام محکمے اس ایجنڈے پر سختی سے عمل کریں اور عوام کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع براہ راست ان کے دفتر کو دیں۔اس مقصد کے لیے ایک ایپلیکیشن تیارکی گئی ہے جو پندرہ دن کے اندر لانچ کی جائے گی تاکہ شہری اپنی شکایات آسانی سے درج کرا سکیں اوران پرمؤثر اورفوری کارروائی ہوسکے۔جن محکموں کو جو ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں ان کو مقررہ وقت میں مکمل کیاجائے تمام محکموں کے سربراہان اپنے دفتری اوقات کی پابندی کریں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے 29 جولائی 2024 کو 99 نکات پر مشتمل ایک پروگرام کاآغاز کیا ہے جس کامقصد عام شہری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور عوامی شعبے کی ترقی اور خدمات کی فراہمی شامل ہیں۔اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہر قسم کی بدعنوانی جس میں مالی اور انتظامی بے قاعدگیوں، نااہلی، عوامی فلاح کے حصول میں تاخیر، فیصلوں میں تاخیر،شہریوں کو دفاتر کے درمیان چکر لگوانا،عوام کے ساتھ بدتمیزی اورکسی بھی غیر اخلاقی رویے پر زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعلان کیاہے۔