ٹمبر مافیا سمیت دیگر جملہ کرپٹ مافیا کے خلاف ہمارا کھلا اعلان جنگ ہے
مانسہرہ(کورٹس رپورٹر)محکمہ اینٹی کرپشن کے زیر اہتمام کھلی کچہری کا انعقاد،سرکاری دفاتر میں کرپشن میں ملوث کالی بھیڑوں کے لئے رعایت کی کوئی گنجائش نہیں ہے،ٹمبر مافیا سمیت دیگر جملہ کرپٹ مافیا کے خلاف ہمارا کھلا اعلان جنگ ہے،کرپشن کے خلاف جہاد میں عوام ہمارے دست و بازو بنیں تو ہم کرپشن فری مشن میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں،اے ڈی سہیل خان۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اینٹی کرپشن ہزارہ سرکل آفس غازی کوٹ ٹاؤن شپ میں کھلی کچہری کا انعقادکیاگیا، جس میں سول سوسائٹی، تاجران، ٹرانسپورٹرز، میڈیاسمیت ہرمکتبہ فکر کے نمائندگان نے شرکت کی، کھلی کچہری میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مانسہرہ سہیل خان، سرکل آفیسر زرین تاج، سرکل آفیسر بٹگرام یاسر خان، سرکل آفیسر تورغر عابد خان، سرکل آفیسر کوہستان جہانگیر خان، اسسٹنٹ سرکل آفیسرز غلام مصطفی و ظفر اقبال، محمد نواز، شوکت خان و دیگر سٹاف نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر کھلی کچہری کے مندوبین سابق ڈی پی او سردار خان، مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری رضا محمد خان، سابق تحصیل ناظم بشیرالدین تنولی و دیگر نے سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات میں کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال اور جامع مشاورت بھی کی،جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سہیل خان نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ہر محکمہ میں کرپٹ عناصر کے قلع قمع کیلئے جہاد سمجھتے ہوئے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے سہیل خان نے کہا کہ کرپٹ عناصر کی اداروں میں کوئی جگہ نہیں انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن سٹاف فرائض کی انجام دہی کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا اور اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لئے ہر ممکن کاوش بروئے کار لائیں گے جس پر کھلی کچہری میں موجود ہر مکتبہ فکر کے نمائندگان نے اے ڈی اینٹی کرپشن سہیل خان اور ان کے جملہ سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا