ایم ڈی اے کی غازیکوٹ ٹاؤن شپ کے رہائشیوں پر ٹیکسز کی بھرمار
مانسہرہ (کورٹس رپورٹر)ایم ڈی اے سرکار نے غازیکوٹ ٹاؤن شپ کے رہائشیوں پر بھاری ٹیکسوں کی بھرمارکر دی ٹرانسفر فیس سے لے کر نقشہ فیس اوردیگر کئی طرح کی فیسوں میں ظالمانہ اضافہ پر ٹاؤن شپ کے رہائشی نوجوانوں کاسخت احتجاج اورسڑک بلاک کرنے کافیصلہ لیکن غازیکوٹ ٹاؤن شپ ویلفئیر سوسائٹی کے عہدیداروں نے ٹاؤن شپ کے امن شانتی کیلئے سڑکیں بلاک کرنے سے نوجوانوں کو روک دیااورٹاؤن شپ میں پیدا عوامی رد عمل سے ڈائریکٹر ایم ڈی اے ذاکر حسین جدون سے ملاقات کرکے ٹیکسوں اوردیگر فیسوں میں اضافے بارے نظر ثانی کرنے کی استدعاکر دی ڈائریکٹر ایم ڈی اے ذاکر حسین جدون نے ساری صورتحال فنانس کمیٹی کے سامنے رکھنے اورٹیکسوں اور فیسوں میں مناسب رد وبدل کی یقین دہانی کروا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق غازیکوٹ ٹاؤن شپ میں پلاٹوں کی فروخت ٹرانسفر نقشہ فیس این او سی سمیت مختلف فیسوں میں بھاری اضافے پر پورے ٹاؤن شپ میں صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب ٹاؤن شپ کے رہائشی نوجوانوں نے ایم ڈی اے کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کیالیکن غازیکوٹ ٹاؤن شپ ویلفئیر کمیٹی کے عہدیداروں شجاعت علی صراف رضا محمد خان محمد انعام الحق، بشیر الدین تنولی،سید امتیاز شاہ سردار خان،کرنل (ر) بشیر خان ہارون اعوان اورندیم اعوان نے مداخلت کرتے ہوئے نوجوانوں کو احتجاج سے روک کر ڈائریکٹر ایم ڈی اے ذاکر حسین جدون سے ملاقات کرکے ساری صورتحال اورٹیکسوں اورفیسوں میں اضافے بارے ٹاؤن شپ کے مکینوں کے خدشات ان کے سامنے رکھے ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر نے ٹیکسوں اور فیسوں میں نظر ثانی کی یقین دہانی کروادی جس پر کمیٹی کے جملہ ارکان واپس آئے تو انہوں نے احتجاجی نوجوانوں کو ایک گھنٹہ لگاکر مطمئن کردیا اوراحتجاج ختم کروا دیا۔