ایبٹ آباد، 5یوم استحصال کشمیر، اظہار یکجہتی کیلئے واک کا اہتمام
ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)یوم استحصال کشمیر 5 اگست کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کی زیر نگرانی فلیگ ہوسٹنگ سرمنی، خصوصی پروگرام اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو نے کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے کو قبول نہیں کرتے اور 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدام کو مسترد کرتے ہیں جب اس نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا۔لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری ’یوم استحصال کشمیر“ منا رہے ہیں جس میں نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت کی جانب سے 2019 میں اس دن کی گئی غیر قانونی اور دھوکہ دہی پر مبنی کارروائی کے خلاف اپنا احتجاج درج کروایا جائے گا۔ پاکستان بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیرپر قبضہ کے خلاف کشمیری لوگوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالا ت کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو نے ضلع ایبٹ آباد میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے منعقدہ پر چم کشائی کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہیلتھ، ایجوکیشن، ریسکیو، پبلک ہیلتھ، یوتھ افیئرز، لائیو سٹاک اور دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے کشمیر پر بھارت کے جابرانہ قبضہ اور آرٹیکل370, اور 35اے کے خاتمے کے بعد لاک ڈاؤن، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف آگاہی اور کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3میں منعقدہ پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سکولز کے بچوں اور بچیوں کی جانب سے کشمیری نغمے اور ٹیبلو پیش کیے گئے۔یوم استحصال کے موقع پر سکول کے بچوں کی جانب سے کشمیری نغمے اور ٹیبلو پیش کر کے یکجہتی کا اظہار کیاگیا۔تقریب کے اختتام پر یوم استحصال واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر زرک یار خان تورو نے کہا کہ ان کا مقصد کشمیری عوام کو بے اختیار کرنا، انہیں حق رائے دہی سے محروم کرنا اور انہیں اپنی سرزمین سے بے دخل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا سرزمین پر وحشیانہ قبضہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں کا بھی مذاق اڑانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا جب تک عالمی برادری اس مسئلے پر ایکشن نہیں لیتی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد اقبال، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ثناء فاطمہ، ڈی ای او فیمیل ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر، ایکسین پبلک ہیلتھ سید زاہد شاہ، ڈی او سوشل ویلفیئر، ریسکیو ایمرجنسی آفیسر، پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3 اور دیگر ضلعی محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔