محکمہ پولیس اپنے شہداء کے خاندان کی کفالت کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے
ایبٹ آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام اور ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان کا 04 اگست یوم شہدا پولیس کے حوالے سے یادگار شہدا پولیس ایبٹ آباد پر حاضری، اس موقع پر ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل، ایس پی انوسٹی گیشن طاہر اقبال، ایس پی حویلیاں محمد اشتیاق، ایس پی ہیڈکواٹر محمد سعید و دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر ہزارہ و ڈی آئی جی ہزارہ،ڈی پی او ایبٹ آباد اور ایس پی حویلیاں نے یادگار شہدا پر سلامی پیش کی پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور شہدا کے ایصال ثواب اور درجات بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام اور ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان نے اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ پولیس کے سینکڑوں افسران و جوانوں نے دہشت گردی اور جرائم کے خاتمہ کیلئے اپنی قیمتی جانوں اور اپنی فیملی کی پرواہ کیئے بغیر جرآت و بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ صوبائی حکومت اور محکمہ پولیس نے اپنے شہدا کے خاندان کی کفالت کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس عزم کو جاری رکھیں گے۔ یوم شہدا کے موقع پر ہم دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں انکے خاتمہ تک خیبرپختونخواہ پولیس اپنی کوششوں کو جاری رکھے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔