حوالہ ہنڈی میں ملوث دو ملزمان کو ایف آئی اے پشاور زون کی کارروائیوں کے دوران گرفتار کر لیا گیا، جن کے قبضے سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان شیر نواز اور اجمیر شاہ پشاور کے علاقے صدر اور بٹگرام سے پکڑے گئے۔ ملزم اجمیر شاہ کے قبضے سے 1 کروڑ 67 لاکھ روپے اور 2500 سعودی ریال جبکہ شیر نواز کے قبضے سے 3 لاکھ 74 ہزار روپے برآمد ہوئے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق دیگر شواہد بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے، جس پر انہیں گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی ٹیم ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار رہی ہے، تاکہ حوالہ ہنڈی میں ملوث گروہ کے تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
