سپیکرخیبرپختونخواہ اسمبلی سے قونصل جنرل افغانستان کی ملاقات
ایبٹ آباد،خواجگان(ہینڈ آؤٹ،جنرل رپورٹر) پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے تعلق کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے، ہم ایک نبی کی امت ہو کر ایک دوسرے سے دور نہیں ہو سکتے۔ اس خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کی عوام میں نفرتیں پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے ان خیالات کا اظہار قو نصل جنرل افغانستان حافظ محب اللہ شاکر سے سپیکر چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔صوبائی وزیر نذیراحمد عباسی، ایم پی اے احمد کریم کنڈی، عارف احمد زئی، سیکرٹری اسمبلی کفایت اللہ آفریدی اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا پاکستان اور افغانستان کی عوام ایک عرصے سے ایک دوسرے کے قریب ہیں۔صو بے میں دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارت کے فروغ کے لیے ہم اپنی قانونی حد میں رہتے ہوئے کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا پاکستان اور افغانستان کی عوام میں کچھ عناصر نفرتیں پیدا کرنے میں سر گرم ہیں، ہم نے دونوں ممالک کے لوگوں میں مثبت پیغام پہنچانا ہے تاکہ اس خطے کے دو اہم ممالک ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہیں۔ بابر سلیم سواتی نے کہا کہ افغانستان کے لوگ کئی دہائیوں سے پاکستان میں مقیم ہیں اور میں ذاتی طور پر بھی اس بات کا ہمیشہ حامی رہا کہ جس کی پیدائش پاکستان میں ہوئی اسے پاکستانی شہریت ملنی چاہیے۔ بابر سواتی نے مزید کہا کہ صو بے میں دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارت کے فروغ کے لیے ہم اپنی قانونی حد میں رہتے ہوئے کوشش کریں گے۔ قونصل جنرل افغانستان نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان اور اسکی عوام پاکستان کے ساتھ کھڑ ے تھے، کھڑے ہیں اور رہیں گے، پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، دونوں ممالک میں وسیع تجارتی سرگرمیاں نہ صرف پاک افغان کی عوام بلکہ خطے کے لیے سود مند ہے۔بعد از ملاقات قونصل جنرل افغانستان اور انکے ہمراہ آئے وفد کو سپیکر اسمبلی بابر سلیم سواتی نے خیبر پختونخوا اسمبلی ہال کا دورہ کروایا۔ آخر میں سپیکر اسمبلی اور قونصل جنرل میں تحائف کا تبادلہ ہوا اور یاد گاری گروپ تصویر لی گئی۔