مہانڈری، بپھرے برساتی نالے میں طغیانی دریائے کنہار کا بہاؤ تیز،مزید کئی دکانیں دریا برد
مانسہرہ(سپیشل رپورٹر)سیاحتی مقام وادی کاغان کے علاقے مہانڈری میں بپھرے برساتی نالے میں طغیانی کے سبب دریائے کنہارکا بہاؤ مزید چار دوکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے گیا،آج جمعہ کی صبح دریائے کنہار نے زیریں سطح سے کٹاؤ جاری رکھتے ہوئے مہانڈری بازار میں مزید چار دوکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،واضح رہے کہ چار روز قبل مہانڈری پل سیلاب کی نذر ہونے کے سبب شاہراہ کاغان کا رابطہ مکمل طور پر منقطع اور ذرائع آمدورفت رک گئی ہے اور ہزاروں سیاح اب بھی بالائی سیاحتی علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں،ایک روز قبل سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے کام پر مامور چائینیز کمپنی نے این ایچ اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عارضی رابطہ پل نصب کرنے کا کام شروع کیا تھا جو کہ جمعرات کی شام اسی برساتی نالے میں ایک بار پھر طغیانی کے سبب سب کچھ اپنے ساتھ بہا لے گیا تھا اورذرائع آمدورفت بحال کیے جانے کا امکان ایک بار بھی مخدوش ہوکر رہ گیا ہے۔