آئی پی پیز معاہدوں کی منسوخی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
ہری پور(چیف رپورٹر)آئی پی پیز سے معاہدوں کی منسوخی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر آئی پی پیز سے بجلی خریدنے کے معاہدوں کی منسوخی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔ چیئرمین تحریک انصاف (نظریاتی) اختر اقبال ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آئی پی پیز سے بجلی مہنگے داموں خریدنے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی ہے،امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، مصطفی کمال،گوہر اعجاز رٹ پٹیشن میں ہمارا ساتھ دیں،آئی پی پیز سے معاہدے گھناؤنا گندا فعل ہیں جو پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔اختر اقبال ڈار نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان سے استدعا ہے کہ رٹ پٹیشن کو انسانی بنیادی حقوق مفاد عامہ اور پاکستان کے مقدمے کے طور پر فوری سماعت کیلئے مقررکیا جائے، آئی پی پیز کو ہونے والی کیپسٹی پیمنٹ پر بھی حکم امتناعی جاری کیا جائے۔