ہزارہ کے مختلف اضلاع کے سرکاری محکموں میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیاں،تحقیقات مکمل

0

مانسہرہ(سپیشل رپورٹر)ہزارہ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں جعلی ڈگریوں پر محکموں میں بھرتی اور بعد ازاں ترقی پانے والے درجنوں افراد کیخلاف ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قومی احتساب بیورو کے حوالے کر دی گئی ہے،ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ہزارہ ڈویژن کے اضلاع خاص کر تورغر اور مانسہرہ میں جعلی ڈگریوں پر مختلف محکموں میں بھرتیوں کے انکشاف کے بعد تحقیقات پر مامور ٹیموں نے ریکارڈ حاصل کر کے چھان بین کی ہے اور ابتدائی رپورٹ و تحقیقات میں ہی درجنوں افراد کے نام سامنے آئے ہیں جنہوں نے کئی سال قبل جعلی ڈگریوں کا سہارا لیکر محکموں میں سیاسی سفارشوں پر بھرتیاں حاصل کی تھی اور ان ہی جعلی ڈگریوں کی بنیاد پر محکموں میں ترقی بھی کرتے گئے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی عمل کے دوران ہی ہزارڈویژن میں کھلبلی مچ گئی ہے اور تحقیقات کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی مشترکہ ٹیموں نے مشکوک افراد کا ریکارڈ حاصل کیا ہے اور ابتدائی تحقیقات پر ہی درجنوں افراد کا سراغ لگایا گیا ہے جنہوں نے جعلی ڈگریوں پر نوکریاں حاصل کی تھیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ حاصل شدہ تمام ریکارڈ قومی احتساب بیورو کے حوالے کیا گیا ہے اور امکان ہے کہ برسہا برس سے قومی خزانے پر بوجھ بننے والوں کو نہ صرف ملازمتوں سے فارغ کیا جائیگا بلکہ قومی خزانے سے تنخواہ اور دیگر حاصل کردہ مراعات بھی واپس لے لی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.