پاکستان کی بقاء کیلئے سب کو منظم قوم بن کر اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا
ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)پاکستان کی بقاء کے لیے ہم سب کو ایک منظم قوم بن کر اپنے مثبت کردار کو ادا کرنا ہو گا، انفرادی سوچ پراجتماعی سوچ کو ترجیح دینی ہو گی ان خیالات کا اظہا رسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے قومی اصلاحی تحریک پاکستان کے وفد کی اسمبلی کانفرنس روم میں ہونے والی ملاقات میں دورانِ گفتگو کیا۔ اصلاحی تحریک پاکستان کے وفد میں صوبائی کنوینیر سہراب علی خان، مرکزی نائب ترجمان نور الحہادی، اصلاحی تحریک ضلع سوات کے چیئر مین ایوب خان و ڈپٹی کنوینیر ضلع سوات سبز علی خان اور دیگر ممبران موجود تھے۔ سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی کو بریفنگ دیتے ہوئے اصلاحی تحریک پاکستان کے ترجمان نے بتایا کہ ہماری یہ جماعت فلاحی کاموں میں صف اول کا کردار ادا کر رہی ہے جس پر سپیکر اسمبلی نے مثبت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کوئی بھی تنظیم عوامی فلاحی کام کرے گی تو ہماری جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ بابر سلیم سواتی نے پاکستان اصلاحی تحریک کے وفد کی تجاویز کوسنتے ہوئے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے لاء ونگ کو ہدایت جاری کی کہ اس اصلاحی تحریک کے مقاصدکا مکمل جائزہ لیں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کے کام کو مذید فعا ل کرنے میں اسمبلی کا فورم جہاں تک سہولت دے سکتا ہے اس کو یقینی بنائیں۔