پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند ایک بار پھر لوٹ آئی ہے، جس کے باعث مختلف موٹرویز کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا گیا۔ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے پولیس نے مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے ہرن مینار تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک جبکہ لاہور۔سیالکوٹ موٹروے ایم الیون بھی مکمل طور پر بند ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم فائیو کو ملتان سے اوچ شریف تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور ڈرائیونگ کی صورت میں فوگ لائٹس کا استعمال اور مناسب رفتار برقرار رکھی جائے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ تازہ ترین صورتحال کے لیے ہیلپ لائن یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رہنمائی حاصل کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں 30 دسمبر کو بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کی وادی نیلم، کالام اور دیر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر چکا ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے