’62 لاکھ روپے کا سونا‘ جس کے لیے خاتون نے اپنے شوہر اور بہن کے ساتھ مل کر اپنی سہیلی کو مبینہ طور پر قتل کر دیا
کوئٹہ پولیس کے مطابق ابتدا میں یہ بظاہر ایک سیدھی سادی قتل کی واردات تھی، جس میں گھر میں اکیلے رہنے والی خاتون کو لاکھوں روپے کا سونا حاصل کرنے کی غرض سے اُن کے گھریلو ملازم نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا۔اپنی دانست میں مبینہ قاتلوں نے انتہائی مہارت سے اس قتل کی جو منصوبہ بندی کی تھی، اُس کی بنیاد پر اُن کا خیال تھا کہ خاتون کے قتل کے بعد وہ پکڑے نہیں جائیں گے اور گھریلو ملازم ہی واحد شخص رہ جائے گا جس پر خاتون کے قتل کا الزام عائد کیا جائے گا۔بظاہر شروع میں اُن کی یہ منصوبہ بندی کسی حد تک کامیاب بھی رہی کیونکہ خاتون کے قتل کے بعد اُن کی بہن کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں گھر کے ملازم اور ملازم کے بھائی ہی کو نامزد کیا گیا۔تاہم اس کیس کی تفتیش سے منسلک ایک افسر کے مطابق اُن کی ابتدائی تفتیش کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچ چکے تھے کہ گرفتار کیا گیا ملازم اور اس کا بھائی اصل مجرم نہیں ہیں۔اور پھر اس موقع پر کوئٹہ کے سیریس کرائمز انویسٹیگیشن ونگ (ایس سی آئی ڈبلیو) نے مقتولہ کے گھر کے گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں اور جیو فینسنگ کا استعمال کرتے ہوئے اصل مجرمان تک پہنچنے کی کوشش کی۔