The news is by your side.

یمن اور غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی مزید تیز، 64 فلسطینی شہید

0

ویب ڈیسک: یمن اور غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی مزید تیز ہوتی جا رہی ہے، غزہ میں ہونے والی حالیہ بمباری میں جہاں ایک طرف 64 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، وہیں یمن میں ایوان صدر سمیت 50مقامات پر بھی حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔
واقعات کے مطابق اسرائیل کی طرف سے یمن کے حوثی عسکریت پسندوں کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی گئی، جس میں صنعا میں موجود ایوان صدر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، اس حوالے سے اسرائیلی ذرائع نے تصدیق کی کہ حوثیوں کے اہداف پر فضائی حملے شروع کیے گئے ہیں، جو حالیہ حوثی میزائل حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق حملوں میں صنعاء کی بجلی کی تنصیبات اور ایندھن کے سٹیشن بھی نشانہ بنائے گئے، دھماکوں کی آواز پورے شہر میں سنی گئی، حملوں میں شارع 60 پر واقع تیل کمپنی کے صدر دفتر کو بھی نشانہ بنایا گیا اور مجموعی طور پر تقریباً 50 مقامات پر حملہ کیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ فضائی حملوں میں صدراتی کمپلیکس کے اطراف اور میزائل بیسز کو بھی نشانہ بنایا گیا، یہ حملے اس کے بعد کیے گئے جب حوثی گروپ نے گذشتہ جمعہ کو اسرائیل کی جانب ایک میزائل داغا۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے بڑے بیٹے کی شادی کی تقریب منسوخ کی گئی، جو پہلے اسرائیلی حملوں کی وجہ سے موخر ہو چکی تھی۔
دوسری طرف یمن اور غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی مزید تیز ہوتی جا رہی ہے، غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں صبح سے اب تک مزید64فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، شہدا میں بچے اور امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں، غزہ میں مجموعی شہادتوں کی تعداد 62 ہزار 686 ہوگئی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ سٹی پر حملے کے منصوبے پر پیش رفت کے ساتھ غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں شدت آگئی ہے جس کے نتیجے میں صہیونی حملوں میں گزشتہ روز صبح سے شام تک 64 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ میں اسرائیل نے پانچ فلسطینیوں کو شہید کر دیا جو امداد کے متلاشی تھے۔
ناصر میڈیکل کمپلیکس کے طبی ذرائع کے مطابق وہ افراد خوراک کے انتظار میں امریکی اور اسرائیلی حمایت یافتہ جی ایچ ایف کے فوڈ ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کے قریب موجود تھے کہ اس دوران نشانہ بنے۔ طبی ذرائع نے بتایا کہ کم از کم سات امداد کے متلاشی افراد شہید ہو چکے ہیں، غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں غزہ بھر میں کم از کم 62 ہزار 686افراد شہید اور ایک لاکھ 57 ہزار 951 زخمی ہوچکے ہیں۔
مئی کے آخر میں امریکی اور اسرائیلی حمایت یافتہ جی ایچ ایف کے قیام سے اب تک اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والے امداد کے متلاشی افراد کی کل تعداد 2095 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 15 ہزار 431 سے تجاوز کر گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.