مسعوداخترنے ہومیوڈاکٹرزکو متحد ہونے کی تجویز دے دی
ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی)ہزارہ ہومیو پیتھک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مسعود اختر تنولی نے ہومیو ڈاکٹرز کو مسائل کے حل کے لئے فوری ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی تجویز دی ہے۔منڈیاں ڈاکٹرز کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے نئی ترمیم پر ملک بھر کے ڈاکٹرز متحد ہو کر فیصلہ کریں۔سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف مہم سے گریز کیا جائے۔ڈاکٹر مسعود اختر تنولی کا کہنا تھا 1965کے ہیلتھ ایکٹ میں حکومت چھیڑ چھاڑ نہ کرے۔اصلاحات کے لئے ڈاکٹرز کی سفارشات بھی سنی جائیں۔انہوں نے ڈاکٹرز کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ ہزارہ ہومیو پیتھک ایسوسی ایشن متفقہ حل کے لئے خدمات دینے کے لئے تیار ہے۔ایبٹ آباد،راولپنڈی،اسلام آبادیالاہورکہیں بھی مشاورتی اجلاس کاانعقاد ہو سب بالاتر ہوکر شریک ہوں۔اس کے علاوہ جو نیشنل کونسل کاالیکشن نہیں لڑ رہے وہ اختلافات کودورکرنے کے لئے ڈاکٹرزکو ایک جگہ جمع کریں۔تاکہ مستقبل کے مسائل پر بات چیت ہوسکے۔انہوں نے ہزارہ کے ڈاکٹرزکو بھی خیبر پختونخوا کی سطح پر مسائل کے حل کے لئے متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنے اورمتحد ہوکراقدامات اٹھانے پر زوردیاہے۔اجلاس میں ہزارہ ہومیو پیتھک ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی ڈاکٹر وحید اللہ،ڈاکٹر صلاح الدین،ڈاکٹر بشیر اور ڈاکٹر سید مشتاق شاہ نے بھی خطاب کیاہے۔