دین اسلام ہمیں زندگی کے ہر معاملے میں عدل و انصاف برقرار رکھنے کی تلقین کرتا
بالاکوٹ(نیوز رپورٹر)ممبر صوبائی اسمبلی و سابق وفاقی وزیر مملکت سردارشاہجہان یوسف نے کہا ہے کہ دین اسلام ہمیں زندگی کے ہر معاملے میں عدل و انصاف کو برقرار رکھنے کی تلقین کرتا ہے،دین اسلام میں عدل کی اتنی اہمیت ہے کہ عادل بادشاہ کو اللہ کے نبی حضرت محمد ؐنے جنت میں اپنا ساتھی قرار دیا ہے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے بالاکوٹ میں نوجوان العمر وکیل عبداللہ جمال ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کے سردار عبد الخالق لاء چیمبر کے افتتاح کے موقع پرمختصرا خطاب کرتے ہوئے کیا،قبل ازیں خطیب حریت ونامور سیاسی وسماجی شخصیت قاضی میاں محمد صادق نے دعا کروائی اور نیک خواہشات کااظہار کیا،سابق وفاقی وزیر مملکت وممبر صوبائی اسمبلی سردار شاہجہان یوسف نے نوجوان قانون دان عبد اللہ جمال کو اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیوں کو شروع کیے جانے پر انہیں مبارکباد پیش کی اوراس توقع کااظہار کیاکہ وہ اپنے والد مرحوم سردار عبد الخالق ایڈووکیٹ کے مشن کے امین بن کر اپنے کاز اورمظلوم لوگوں کی داد رسی کے ساتھ انہیں قانونی معاونت فراہم کریں گے،ان کاکہناتھا کہ عدل و انصاف ایک ایسا وصف ہے جو اگر حکمرانوں میں پیداہوجائے تو معاشرہ امن کاگہوارہ بن جاتا ہے کیونکہ جس معاشرے میں عدل نہیں ہوگاوہاں بے سکونی و بد امنی کاراج ہوگا اورلوگ عدل نہ ہونے کی وجہ سے مایوس ہو جاتے ہیں تو پھر معاشرے میں انارکی جنم لیتی ہے جو سماج کی تباہی کا باعث بنتی ہے۔افتتاحی ودعائیہ تقریب میں تحصیل بار ایسوسی ایشن کے صدر سید عدیل حسین شاہ ایڈووکیٹ،سابق تحصیل بار ایسوسی ایشن سردار محمد اشفاق ایڈووکیٹ،اسد علی چوہان ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلا برادری،تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور صحافی برادری کے علاوہ عمائدین علاقہ کثیر تعداد نے شرکت کی۔