صوبہ ہزارہ عوامی طاقت سے لینے کا اعلان

0

ایبٹ آباد(محمد ظاہر)صوبہ ہزارہ تحریک نے ہزارہ صوبہ کے لیے عوامی رابطہ مہم کا علان کردیا۔ کوہستان سے لے کراچی تک جلسے،جلوس اوراحتجاج کیے جاہیں گے۔ اس بات کافیصلہ چیرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردارمحمد یوسف کی صدارت میں حویلیاں میں صوبہ ہزارہ تحریک کی سپریم کونسل کے بھر پوراجلاس میں کیاگیا۔جس کی میزبانی سابق وفاقی وزیرمرتضی جاوید عباسی نے کی۔اجلاس میں سابق ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر، سابق وفاقی وزیر سید قاسم شاہ،ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ جدون،اعجاز علی خان درانی مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر، عبدالرزاق عباسی،ممبر صوبائی اسمبلی سردار شاہ جہان یوسف سابق ممبران صوبائی اسمبلی سردار اورنگ زیب، قاضی اسد، آمنہ سردار، نرگس بی بی تحریک صوبہ ہزارہ کے سردارگوہر زمان، تحصیل چیرمین سردار شاہ خان، قاری محبوب الرحمن، پرنس فضل حق، مولنا سرفراز فاروقی، قاضی الفت حسین، اسد جاوید جدون، قاضی صادق، سردار شاہ خان، میاں عنایت الرحمن، سردار سید علام، سردار قاسم، معین خان، میاں اسحاق، عبدالواحد ایڈووکیٹ، چوہدری نذیر، مولنا منظور بالاکوٹی، سلطان العارفین جدون، قاضی شاہد، چوہدری وقار، سید حامد شاہ، جمروز خان، چوہدری محمد صادق، اقبال شاہ مشوانی، مولانا قاضی الفت سمیت اراکین کونسل نے شرکت کی۔ چیرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف نے مشترکہ اعلامیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ کی تحریک تیسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ہم مرحلہ وار کوہستان سے کراچی تک جلسے، جلوس اور کانفرنسز منعقد کریں گے۔حکمران اتحاد اور اپوزیشن سمیت تمام قومی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے اوران کو ہزارہ کے عوام سے کیاہوا وعدہ یاد کروائیں گے۔اسلام آباد اورایبٹ آباد میں صوبہ ہزارہ کے دفاتر قائم کریں گے۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ صوبہ ہزارہ تحریک میں ہزارہ کی سطح کی تمام جماعتیں شامل ہیں۔جو لوگ ہمارے ساتھ تھے اورآج نہیں آہے ان کے ساتھ بھی ملاقات کر کے ان کو کہیں گے کہ اپناموقف واضح کریں۔سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ہم ہزارہ صوبہ کے لیے ایک ہیں اور متحد ہو کر یہ جدوجہد کرنی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ چھوٹے صوبے وقت کی ضرورت ہیں اورہم لسانی یا نسلی بنیاد پر نہیں بلکہ انتظامی سطح پر صوبوں کامطالبہ کر رہے ہیں۔سابق وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے کہاکہ مسلم لیگ نے اپوزیشن میں بھی اس وقت کی حکومت کو صوبہ ہزارہ اوردیگر صوبوں کی حمایت کایقین دلایا تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ اب بھی یہ معاملہ قومی سطح پرلایاجائے اورہم اس کی حمایت کریں گے۔انہوں نے کہا ہزارہ الیکٹرک کمپنی کا قیام ہزارہ صوبہ کی طرف پہلا قدم اورمسلم لیگ کابہترین تحفہ ہے۔ہمارے اپنے لوگ اس کی مخالفت کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ عوام کا مطالبہ ہے اور اس کے لیے ہم نے شہادتیں دی ہیں۔اعجاز علی خان درانی نے کہاکہ ہزارہ کے عوام اپنا حق لیناجانتے ہیں۔بجلی ہم دے رہے ہیں۔ اور پیسے کوئی اور لے رہا ہے۔ہم اب اپنا حق چھین کے لیں گے۔ باقی صوبوں کا نام کیوں تبدیل نہیں ہوتا صرف ہمارا نام باربار کیوں تبدیل کیاجاتاہے۔ہم کسی کو یہ حق نہیں دیں گے کہ وہ ہزارہ کے عوام کے ساتھ کوئی کھیل کھیلے۔کیپٹن(ر)محمد صفدر نے کہا کہ ہزارہ کے عوام کاحق ہے کہ ان کوصوبہ دیاجائے۔ہزارہ کے عوام نے صوبہ سرحد کو پاکستان میں شامل کرایا۔ ہمارے اجداد نے قربانیاں دی ہیں۔ارباب اختیار عوام کی آواز پرتوجہ دیں۔سابق وفاقی وزیر سید قاسم شاہ نے کہاکہ ہزارہ کے عوام کو باجرات ہوکر اپناکرداراداکرناہوگا۔اتحاد واتفاق وقت کی ضرورت ہے۔ہزارہ کے تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی پر واجب ہے کہ وہ یک آواز ہوکر صوبے کے لیے اپناکردار ادا کریں۔ مرکزی کوآرڈینیٹر پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے لیے تمام آئینی شرائط پوری ہیں۔صوبہ خیبرپختونخواہ میں دو دفعہ صوبہ ہزارہ کی قرارداد منظور ہوچکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ درخواستوں سے نہیں عوام کی طاقت سے لیں گے۔ سردار گوہر زمان نے کہا کہ باباحیدر زمان کی برسی کے موقع پر ایم کیو ایم کی قیادت نے کہا ہے کہ اگر کوئی اور ترمیم نہیں لاتا تو ہم لا ئیں گے۔صوبہ ہزارہ کے لیے ہم سب متحد ہیں اورمل کر یہ جدوجہد کریں گے اور اپناحق ضرور حاصل کریں گے۔ عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبہ ہزارہ کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن سے بھی قیادت کی ملاقات کروا ہیں گے۔ ہمارا دفتر حاضر ہے اس کو صوبہ ہزارہ کا دفتر بنایا جائے۔ قومی وطن پارٹی کے احمد نواز خان جدون نے کہا کہ ہماری جماعت صوبہ ہزارہ کے مکمل ساتھ ہے اورمیں سپریم کونسل کی قیادت کی مرکزی صدر آفتاب شیرپاؤ سے ملاقات بھی کرواؤں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.