انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ٹیموں کیساتھ عوام کا تعاون بھی ضروری ہے
ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، خالد اقبال کی صدارت میں گزشتہ ستمبر 2024 میں ہونے والی 5 روزہ انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کاانعقاد ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں کیاگیا۔اس اہم اجلاس کا مقصد انسداد پولیو مہم کے دوران درپیش چیلنجز اورٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیناتھا،تاکہ آئندہ مہمات کو مزید مؤثر اورکامیاب بنایاجاسکے۔اجلاس کے دوران ڈی کیو اے لیڈ، قیصر احمد خان نے مہم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی اورمہم کے دوران سامنے آنے والے مسائل اورکامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو ٹیموں نے پانچ دنوں پر محیط مہم کے دوران گھرگھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اوراس دوران مختلف علاقوں میں پولیو کے خلاف آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔ڈپٹی کمشنر خالد اقبال نے مہم میں شامل ٹیموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اورتمام محکمے اس کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ گزشتہ مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے اورآئندہ مہم کے دوران ٹیموں کی ٹریننگ کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی ممکن بنائی جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی صرف ٹیموں کی محنت سے ہی ممکن نہیں بلکہ عوام کا تعاون بھی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اوراپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ پولیو کے خاتمے کے قومی مقصد کو حاصل کیاجاسکے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد اقبال، ڈی کیو اے ٹیم لیڈ قیصر احمد خان، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طیبہ، ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اشفاق، اور ٹیم ڈی کیو اے کے اراکین عبید اللہ خان، زیگم مزمل، محیب ناصر اورکاشان احمد نے شرکت کی۔مزید برآں، اجلاس میں آئندہ پولیو مہم کے لیے منصوبہ بندی اور ٹیموں کی ٹریننگ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے تاکہ انسداد پولیو مہم کو ہر ممکن حد تک مؤثر بنایا جا سکے