ڈی سی بٹگرام کی صدارت محکمہ جات کارکردگی حوالے اجلاس

ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی زیر صدارت ضلعی اداروں کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام، اسسٹنٹ کمشنر آلائی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف محکموں کے افسران و نمائندے شریک تھے۔ اجلاس کا مقصد پرفارمنس مینجمنٹ ریفارمز یونٹ (پی ایم آر یو) کے تحت ضلعی انتظامیہ کو تفویض کردہ اہداف اور محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔ڈپٹی کمشنر آصف علی خان نے اجلاس میں ضلعی سطح پر انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔ ضلعی حکام کو ہدایت کی گئی کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات کی اسپاٹ چیکنگ کی جائے تاکہ عوام کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔ مزید برآں، متعلقہ محکموں کو قوانین اور ضوابط کی مکمل پابندی کو یقینی بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے باقاعدہ انسپکشن کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ غیر قانونی اشیائے خوردونوش کی فروخت اور غیر قانونی کان کنی کے خلاف سخت کارروائیاں کرے۔ انہوں نے غیر قانونی بل بورڈز اور سپیڈ بریکرز کے فوری خاتمے کی ہدایت کی، ساتھ ہی شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے انسداد تجاوزات مہم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیا گیااور ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر آصف علی خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل اور عوامی خدمات میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، تاکہ ضلع بٹگرام میں ترقی و خوشحالی کا عمل جاری رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.