مہانڈری میں عارضی پل جلد، مستقل پل کو مکمل ہونے میں سات دن لگیں گے
ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)چیف سیکرٹری خیبر پختونخواندیم اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ ناران میں اس وقت کسی قسم کی خوراک کی کمی نہیں ہے، ضلعی انتظامیہ مانسہرہ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔اسی سلسلے میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ سیاحتی مقام ناران میں کسی قسم کا بحران پیدا نہ ہو ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے وادی کاغان کے دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے ساتھ کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام’ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ ڈاکٹر عدنان خان ضلعی پولیس سربراہ مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور،ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سمیت دیگر انتظامی افسران بھی شریک تھے مہانڈری کے مقام پر کچھ روز قبل سیلابی ریلے کے باعث پل ٹوٹنے کی وجہ سے ناران اور کاغان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اس موقع پر متاثرہ مقام کا دورہ کیا انہوں نے کہا مانڈری پل کا کام جلد ہی مکمل کر دیا جائے گا۔ عارضی پل جلد مکمل کر دیا جائے گا لیکن مستقل پل کو مکمل ہونے میں چھ سے سات دن لگیں گے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس مقام سے جلد ریت اور پتھروں کو صاف کر دیا جائے گا ناران ویلی سے زیادہ تر سیاحوں کا انخلا کیا جا چکا ہے ابھی صرف 800 کے قریب سیاح ناران میں موجود ہیں جنہیں خوراک اور رہائش جیسی سہولیات میسر ہیں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ناران کا رابطہ مکمل طور پر کٹ اف نہیں ہوا اس کا متبادل راستہ شاہرا ہ قرا قرم سے موجود ہے۔