سیاحوں کی سفری سہولیات سمیت مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات
کھلابازار(نمائندہ شمال)ضلعی پولیس سربراہ مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا مانسہرہ کے سیاحتی مقام ناران کے ساتھ ملحقہ چوکیات گیٹی داس،پولیس چیک پوسٹ بیسر،لولوسرجیل پوائنٹ اوربابوسر ٹاپ کا دورہ،پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور ان سے رہائش اور دیگر مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور سخت موسم اور حالات کے باوجود ڈیوٹی کے فرائض خوش اسلوبی سے نبھانے پر ان کا حوصلہ بڑھایا،انہوں نے پولیس چوکیات میں پولیس رہائش،کچن،کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔سیاحتی مقامات پر زیادہ تر پولیس چوکیات کو نئے سرے سے تعمیر کر دیاگیا ہے جبکہ باقی چوکیوں کا کام بھی جلد شروع کر لیا جائے گا۔پولیس کے جوانوں کی رہائش اورکھانے پینے کا بھی معقول بندوبست کیا جائے گا ڈی پی او مانسہرہ نے لولوسرجیل پوائنٹ اور بابوسر ٹاپ کا بھی دورہ کیا اور پولیس افسران و جوانوں کو ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیئے سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کرنے کے بھی احکامات جاری کیئے۔ علاوہ ازیں ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ناران بازار کا بھی دورہ کیا،ان کے ہمراہ ایس ایچ او تھانہ ناران اور انسپکٹر ٹریفک بھی موجود تھے۔انہوں نے ٹریفک انسپکٹر کو ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور سیاحوں کو ٹریفک رش سے بچانے کے لیئے ٹریفک کے حوالے سے ناران بازار میں مزید موثر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیئے جبکہ سیاحوں کے لیئے سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی کے انتظامات کرنے کے لیئے ایس ایچ او تھانہ ناران کو احکامات جاری کیئے۔