پٹرول اورڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کا امکان

0

ہری پور(بیورورپورٹ)پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 16 جولائی سے اگلے 15 روز کے لیے بالترتیب 7 روپے 60 پیسے اور 3 روپے 50 پیسے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے،جس کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی بُلند قیمتیں ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ عالمی منڈی میں گزشتہ 15 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں بالترتیب 4.4 ڈالر اور 2 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے،جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں 7.60 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3.50 روپے اضافے کا امکان ہے، تاہم اس کا انحصار موجودہ ٹیکس کی شرحوں اور حتمی حساب کتاب پر ہے۔واضح رہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتیں بالترتیب 265 روپے 61 پیسے اور 277 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہیں، 30 جون کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 7.45 روپے اور 9.56 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا۔حکومت نے مالیاتی بل میں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی زیادہ سے زیادہ حد کو بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کر دیا ہے تاکہ رواں مالی سال میں 12 کھرب 80 ارب روپے اکٹھے کیے جا سکیں جبکہ گزشتہ سال اس مد میں 960 ارب روپے جمع ہو سکے، جو 869 ارب روپے ہدف کے مقابلے میں تقریباً 91 ارب روپے زیادہ رہے۔ پٹرولیم اور بجلی کی قیمتیں مہنگائی کے اہم محرک رہے ہیں، پٹرول زیادہ تر نج ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹرسائیکل میں استعمال ہوتا ہے۔ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی بڑھتی ہے، کیونکہ یہ زیادہ تر بھاری ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے اور خاص طور پر سبزیوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.