شہید اے ایس آئی اکرم خان پولیس اعزاز کیساتھ سلہڈ میں سپرد خاک
ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)شہیداے ایس آئی اکرم خان کا نماز جنازہ پولیس اعزاز کیساتھ سلہڈ ایبٹ آباد میں ادا کر دیا گیا۔شہید اے ایس آئی اکرم خان گزشتہ روز حسن خیل پشاور میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہوئے۔نماز جنازہ میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن طاہر ایوب خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرایبٹ آباد عمر طفیل خان، دیگر پولیس افسران، جوانوں اور کثیر تعداد میں سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔پولیس فورس کے چاق و چوبند دستے نے شہیداے ایس آئی کو شہید سلامی پیش کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ اور ڈی پی اوایبٹ آباد نے شہید کو پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان نے شہیداے ایس آئی کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی، نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے شہید کے اہلخانہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اس جوان کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی وہ زندہ ہے اور ہمیشہ پولیس فورس کا حصہ رہے گا اس کے خاندان کی تمام تر ذمہ داریاں محکمہ پولیس کی ہیں شہیداے ایس آئی اکرم خان نے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کرکے دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کو یہ پیغام دیا ہے کہ خیبرپختونخواہ پولیس پاکستان کی بقاء و سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،واضح رہے کہ اے ایس آئی اکرم خان سی ٹی ڈی خیبر پختونخواہ میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے، گزشتہ روزپشاور میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔