بٹل،پولیس مقابلہ کے بعد خطرناک مفرور زخمی حالت میں گرفتار
مانسہرہ (سٹی رپورٹر+چیف کرائم رپورٹر)ضلعی پولیس سربراہ مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پورکے احکامات پر مختلف مقدمات میں مطلوب مفرور اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا،تھانہ بٹل پولیس نے علاقہ میں خوف اور دہشت کی علامت سمجھے جانے والے قتل، اقدام قتل،چوری اور اسلحہ آرڈیننس کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب اشتہاری مجرم عابد ولد گل زمان سکنہ چنار کوٹ بٹل کو پولیس مقابلہ کے بعد زخمی حالت میں اسلحہ اور ایمونیشن سمیت گرفتار کرلیا،پولیس کو اطلاع ملی کہ علاقے میں خوف اور دہشت کی علامت سمجھے جانے والا پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب مفرور ملزم نلہ چنار کوٹ میں موجود ہے جس کی گرفتاری کے لئے پولیس نے فوراً ٹیمیں تشکیل دیں اور چھاپہ زنی شروع کی گئی۔پولیس پارٹی کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی اشتہاری مجرم نے اپنے ساتھی پائندہ خان ولد محمد عرفان کے ہمراہ پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔پولیس نے انتہائی حکمت عملی سے پولیس مقابلہ کے بعد درجنوں مقدمات میں نامزد مطلوب اشتہاری ملزم عابد ولد گل محمد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاجبکہ اس کا دوسرا ساتھی اندھیرے اورگھنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش اورگرفتاری کے لیئے پولیس نے ناکہ بندیاں اورسرچ آپریشن کا آغاز کیا ہوا ہے جلد ہی ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ قتل و اقدام قتل جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم کو پولیس پارٹی جب بھی گرفتارکرنے جاتی تھی تو ملزم مزاحمت کرتا اور پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوجاتاتھاجسے پولیس مقابلہ کے بعد اسلحہ و ایمونیشن سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔اہلیان علاقہ نے خوف اور دہشت کی علامت سمجھے جانے والے اشتہاری مجرم کی گرفتاری پر پولیس کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔