آمر نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر ملک کو اندھیروں میں دھکیلا
ایبٹ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) 5 جولائی یوم سیاہ کے حوالے سے ڈویژنل سیکرٹریٹ پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام اجلاس،صدارت سینئر نائب صدر افتخار خان تنولی ایڈووکیٹ نے کی جبکہ سینئر رہنما پیپلز پارٹی و سابق امیدوار قومی اسمبلی سید سلیم شاہ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سید جعفر شاہ سمیت دیگر عہدیداران و کارکنان بطور احتجاج کالی پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 5 جولائی 1977پاکستانی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے کہ جب ایک آمر نے پاکستان کی منتخب حکومت کا نہ صرف تختہ الٹ کر ملک کو اندھیروں میں دھکیلا بلکہ ایک بے بنیاد مقدمہ میں عوامی وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار تک پہنچایا گیا، جو کہ قوم آج تک نہ بھولی ہے اور نہ ہی معاف کرنے کو تیار ہے،آج کے دن پیپلز پارٹی سمیت دیگر محب الوطن افراد اور سیاسی جماعتیں مذمت کرتی ہیں، جنرل ضیاء الحق کے اس غیر آئنی اقدام سے وطن عزیز میں ایک سیاہ دور کا آغاز ہوا جو کہ آج تک جاری ہے، انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کو جس مقدمہ میں سزائے موت دی گئی آج کی عدالتوں نے اس فیصلہ کو غلط اور بد نیتی پر مبنی قرار دیکر نہ صرف شہید ذوالفقار علی بھٹو کو تاریخ میں سر خرو کیا بلکہ اس وقت کے آمر وں کا بھیانک چہرہ بھی سب پر عیاں کر دیا ہے، مقررین نے کہا کہ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ غیر سیاسی اور غیرملکی طاقتوں کے آلہ کاروں کے ہمیشہ مزاحم رہیں گے اور ملک اور جمہوریت دشمنوں کے غیر آئینی اور سنگین اقدامات پر ان کی مذمت کرتے ہیں