معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی مہمان نوازی دیکھ لی، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا استقبال رکاوٹوں سے کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ لاہور پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی شفیع اللہ جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا والہانہ استقبال کرنے پر پنجاب کے عوام اور پارٹی کارکنوں کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں پر چڑھائی اور بیانات ن لیگ کا وطیرہ ہے، عظمی بخاری نون لیگ کی سپریم کورٹ پر چڑھائی بھول گئی ہیں، پاکستان تحریک انصاف پرامن اور جمہوریت پسند سیاسی جماعت ہے،پنجاب بھی ہمارا ہے، لاہور بھی ہمارا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے مگر وہ چوری کر لیا گیا،پنجاب میں چوری کئے گئے مینڈیٹ کو واپس لے کررہیں گے اورعوام کو ان کا جمہوری حق واپس دلائیں گے۔
شفیع اللہ نے مزید کہا کہ قانون اور آئین کی بلا دستی یقینی بنائیں گے، مریم صفدر کی جعلی حکومت نے پنجاب کے کسانوں کا برا حال کیا،مسلم لیگ ن کے دور میں پنجاب میں کرپشن کو فروغ ملا، بتیاں لگانے اور رنگ و روغن ترقی کا نام نہیں، پنجاب میں شعبہ صحت کا برا حال ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جعلی مقدمات میں قید ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان تحریک انصاف پرامن ہے، عمران خان نے کارکنوں کو ہمیشہ پرامن رہنے اور قانون کے احترام کا درس دیا ہے، ملک کے کسی بھی حصے میں کارکنوں کے پاس جانا اور ملاقاتیں کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبرپختونخوا گورننس کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جارہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے