طلبہ کیلئے نصابی سر گر میاں تعلیم کا اہم جز ہے،افتخارخان
حویلیاں (نامہ نگار) نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصا بی سرگرمیاں بھی طلباء و طالبات کے لیے ضروری ہیں۔ہم نصابی سر گر میاں تعلیم کا اہم جز ہے جسے کبھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار سب ڈویژن ایجوکیشن آفیسرحویلیاں افتخار احمد نے گورنمنٹ ماڈل پرائمری سکول نمبر 3 حویلیاں میں منعقدہ سالانہ کدز گرومنگ کمپیٹیشن کی پروقار تقریب میں کیا۔انہوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر اے ڈی ای او،سکول لیڈرزاور اساتذہ کرام کو مبارکباد دی۔ تقریب کا انعقاد سپورٹس کمیٹی حویلیاں کے زیر اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب افتخار احمد سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر حویلیاں تھے۔ان کے ہمراہ اے ایس ڈی ای او سرکل حویلیاں اور سرکل حاجیہ گلی بھی موجود تھے۔ تقریب میں امیر حمزہ جدون، اسامہ جہانزیب خان، فیصل عبد اللہ تنولی، سبطین حیدر شاہ، عبد الرحمن سکول لیڈرز سرکل حویلیاں، معزز اساتذہ کرام اور طلباء وطالبات نے بھرپور شرکت کی۔ مقابلوں میں تقریباً 60کے قریب پرائمری اسکولز کے طلباء وطالبات نے حصہ لیا۔ مقابلوں میں تلاوتِ قرآنِ مجید، نعت رسول مقبولﷺ، قومی ترانہ، دعائے اقبال، اُردو، انگلش تقریر،ملی نغمہ، دوڑ و دیگرمقابلے شامل تھے۔ ان مقابلوں میں طلباء و طالبات نے اپنے مہارتوں اور صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سید اظہر بخاری اور سہراب خان نے سر انجام دیئے۔۔ تلاوت قرآن مجید میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ پرائمری سکول پنجگراں کے طالب علم سید ادیب کاظمی جبکہ نعت میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ پرائمری سکول پھلانوالی کے جواد نے حاصل کی۔ دیگر مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والوں میں گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر3حویلیاں،نوشہرہ، چمبہ، بانڈی قاضیاں، مگری بالا اورملکاں کے طالب علم شامل تھے۔ پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات کو ایس ڈی ای او، اے ڈی ای او، سکول لیڈرز اور اساتدہ کرام کی طرف سے انعامات تقسیم کیے گئے۔