تھانہ دربند کی حدود کالو بستی داخلی کروڑی میں رشتہ کے تنازعہ پر چن بابو نامی شخص قتل
تناول(نمائندہ خصوصی) تھانہ دربند کی حدود کالوبستی داخلی کروڑی میں صبح 7 بجے رشتہ کے تنازعہ پر چن بابونامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل جبکہ اپنے سگھے بھائی کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے ملزم کو ڈھائی گھنٹے کے دشوار گزار راستوں سے پہنچ کر پولیس نے آلہ قتل واقدام قتل پستول سمیت گرفتار کرلیا۔ملزم سخی محمد ولد مقبول الرحمن کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔تفصیلات۔ مقتول کے بھائی چن شہزادہ نے پولیس کو رپورٹ کرائی کہ صبح 7 بجے سخی محمد نامی شخص جوکہ رشتے میں ہمارا چچا زاد بھائی لگتا ہے نے شورشرابہ شروع کیا اور گالم گلوچ کرنے لگا جس پر مقتول چن بابو گھر سے باہر نکلا جس کے پیچھے باقی گھر کے افراد بھی گھر سے باہر نکلے، باہر نکلتے ہی ملزم سخی محمد نے چن بابو پر فائرنگ کی تو ملزم کا حقیقی بھائی مصطفی بچانے کیلئے درمیان میں کھڑا ہوگیا جس پر ملزم نے سگھے بھائی پر بھی فائرنگ کر دی۔ملزم کی فائرنگ سے میرا بھائی چن بابو جاں بحق جبکہ ملزم کا سگا بھائی زخمی ہوگیا۔بعد وقوعہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ دربند فہدشاہ نفری کے ہمراہ موقع پر روانہ ہوئے اور ڈھائی گھنٹے کی مسلسل مسافت کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچے رپورٹ لکھی گئی اور ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کیاگیا اور آخر کارچند ہی گھنٹوں کے اندر اندر ملزم کو آلہ قتل و اقدام قتل پستول سمیت گرفتار کرکے تھانہ منتقل کرلیاگیا۔
