بدعنوانی معاشرے کا ناسورہے جس کے خاتمہ سے بہتری یقینی ہو سکتی ہے

0

ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر السلام نے کہا ہے کہ بد عنوانی معاشرے کے لیے ناسور ہے اور اس کے خاتمے سے ہی معاشرے کی بہتری یقینی بنائی جا سکتی ہے۔معاشرے کی بھلائی اور ترقی کے لیے بد عنوانی کے خاتمے کیلیے انفرادی اور اجتمائی طور پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ کرپشن ایک سماجی ظلم ہے اور اس کی سزا دنیا میں بھی ہے اور آخرت میں بھی ہے۔ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔جن معاشروں میں انصاف نہیں ہوتا ان میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے تمام سرکا ری اداروں کو مل کر میرٹ کو یقینی بنانا ہوگا جس سے ہمارا مستقبل محفوظ ہو سکے۔ بدعنوانی اور سست روی کی وجہ سے سرکاری اداروں سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا ہے اس لیے اب سرکاری ملازمین کو ایسی پالیسی بنانی ہوں گی جس سے عوام میں اداروں کا اعتماد دوبارہ بحال ہو سکے۔ان خیالات کا اظہا ر کمشنر ہزارہ دویژن سید ظہیرالسلام نے انسداد بد عنوانی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد اور نیب خیبر پختونخوا کے تعاون سے جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں شہریوں کی آگاہی کے لیے بد عنوانی کے عنوان پر آگاہی سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ جس میں تمام ضلعی افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پروگرام میں تمام ضلعی محکمہ جات جن میں ٹی ایم اے، لوکل گورنمنٹ، ہیلتھ، ایجوکیشن، لائیو سٹاک، ریونیو اور دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد احمد مغیث نے ٹی ایم اے و دیگر محکمہ جات کے تعاون سے سیمینار کے انعقاد کے حوالے سے تمام تر انتظامات کی نگرانی کی۔ پروگرام میں چیئرمین ضلعی مصالحتی کمیٹی لیفٹننٹ جرنل ریٹائرڈ ایاز سلیم رانا، نیب خیبر پختونخوا کی جانب سے ڈائریکٹر نیب اختر علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب نوید ارشد، ڈسٹرکٹ خطیب ایبٹ آباد مفتی عبد الواجد و دیگر مقررین نے شرکاء سے خطاب کیا اوراینٹی کرپشن کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے شہریوں کو آگاہی فراہم کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جس سے ترقی کا عمل رک جاتا ہے اور معاشرہ بدحالی کا شکارہو جاتا ہے۔ کرپشن سے پاک پاکستان ہمارا ایمان ہے اور کرپشن ایک سماجی ظلم ہے اور اس کی سزا دنیا میں بھی ہے اور آخرت میں بھی ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے انفرادی اوراجتماعی طور پر اسلامی اقدار پر من و عن عملدرآمد کی ضرورت ہے تا کہ ملک کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو، عام آدمی کی مشکلات میں کمی اور اس کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے۔پروگرام کے اختتام پر شہریوں کی جانب سے سوالات کیے گئے جس پر ڈائریکٹرنیب خیبرپختونخوااختر علی نے جوابات دیے اورنیب کی کارکردگی کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔ا نھو ں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام، شہریوں کے مسائل کے حل اور آگاہی کے حوالے سے مستقبل میں بھی سیمینار کا انعقاد جاری رہے گا تا کہ شہری اپنے حقوق سے آگاہ رہتے ہوئے اداروں کی جانب سے تمام ممکن سروسز کو بطور احسن حاصل کر سکیں۔ پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے ہم سب نے مل کر بدعنوانی کے خلاف جنگ میں اپنا قلیدی کردار ادا کرنا ہے تمام سرکاری ملازمین اپنی توانائیاں عوام کی خدمت میں صرف کریں اور قوم و ملکی وسائل کی ایمانداری کے ساتھ حفاظت کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.