منشیات فروشی پر بڑی حد تک قابو پا لیا، مزید اقدامات جاری ہیں، ڈی آئی جی
ایبٹ آباد (ہینڈ آؤٹ)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن طاہر ایوب خان نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہا ں پر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ایبٹ آباد کے صدر سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سردار امان نے ان کا استقبال کیا اس موقع پر قائم مقام ڈی پی او ایبٹ آباد طارق محمود خان بھی ڈی آئی جی ہزارہ کے ہمراہ موجود تھے۔ بار ایسوسی ایشن پہنچنے پر ڈی آئی جی ہزارہ نے سینئر و جونیئر وکلا سے ملاقات کی، اس مو قع پرہائی کورٹ کے وکلا صاحبان نے ضلع ایبٹ آباد میں چند اہم مسائل کو اجاگر کیا اورکچھ تجاویز بھی پیش کیں۔ ڈی آئی جی ہزارہ ریجن طاہر ایوب خان نے تمام وکلاء کے سوالات اور تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہزارہ پولیس کی یہی کوشش ہے کہ ہر ممکن اقدامات اٹھاتے ہوئے عوام کے مسائل کو کم سے کم کیا جائے جس کے لئے پولیس اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، شعبہ تفتیش کے اہلکاران کو وقتاً فوقتاً تفتیش کے حوالے سے کورسز کروائے جاتے ہیں تاکہ ان کی تفتیش میں مزید بہتری آ سکے، ٹریفک کے مسائل کو دور کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا ر لائے جا رہے ہیں، منشیات فروشی کے خاتمہ پر کام کیا جا رہا ہے بہت حد تک اس کو کم کیا گیاہے اور مزید بھی اس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں وکلا کاکردار بڑی اہمیت کا حامل ہے وکلاء کو چاہئے کہ وہ معاشرے میں پائے جانے والے مسائل کو دور کرنے میں اپنی پولیس اور دیگر اداروں کا ساتھ دیں اسی طرح مسائل کو مختلف فورم پر اجاگر کرتے رہیں تاکہ مسائل کو کم سے کم کیا جا سکے۔معاشرتی مسائل کے خاتمہ کے لئے وکلاء اور پولیس نے مل کر کام کرنے کا عزم کیاگیا۔